چوری کی گئی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی اتنی بڑی کھیپ پکڑی گئی کہ ہر کوئی ششدر رہ جائے گا

چوری کی گئی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی اتنی بڑی کھیپ پکڑی گئی کہ ہر کوئی ...
 چوری کی گئی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی اتنی بڑی کھیپ پکڑی گئی کہ ہر کوئی ششدر رہ جائے گا

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آنلائن)راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی، آٹھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 20گاڑیاں اور سو سے زائدموٹرسائیکل برآمد، برآمد کی گئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کی چابیاں آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی نے پریس کانفرنس کے دوران اصل مالکان کے حوالے کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے بڑی کاروائی کے دوران آٹھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 20گاڑیاں اور سو سے زائدموٹرسائیکل برآمد کر لیں، برآمد کی گئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چابیاں ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک اور سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس نے پریس کانفرنس کے دوران اصل مالکان کے حوالے کیں،پریس کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےسی پی او محمد احسن یونس نے کہاکہ سٹریٹ کرائم اورکار و موٹر سائیکل چوری راولپنڈی کے بڑے کرائم ہیں،میں اس پریس کانفرنس کے ذریعے پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم ان جرائم پر قابوپانے کیلئے پر عزم ہیں،آج آٹھ کروڑروپے سے زائد مالیت کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل اصل مالکان کے حوالے کر رہے ہیں۔سی پی او نے کہا کہ شہریوں اور میڈیا کے ساتھ اچھے روابط قائم کرنا اور تھانوں میں شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آناہماری پولسینگ کا حصہ ہے،مقدمات میں گرفتار ملزمان کوٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان کیا جائے گا، ملزما ن کو کڑی سزا دلوانے کیلئے پولیس کے ساتھ مدعی مقدمہ شہادت کے وقت مکمل تعاون کرے،راولپنڈی کا میڈیا پروفیشنل ہے جو جرائم کے تدارک کیلئے اپنا مثبت کردار اداکررہا ہے جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں۔

پریس کانفرنس میں آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا معاشرے میں اہم کردار ہے،عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا، چند دن پہلے اس گروانڈ میں دو شیر جوان اہلکاروں کا جنازہ بھی پڑھا گیاجنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دہشگرد کو واصل جہنم کیا، راولپنڈی ایک گنجان آبادضلع ہے جس کی آبادی ساٹھ لاکھ نفوس پرمشتمل ہے کوشش ہے کہ کرائم میں مزید کمی لائی جاسکے، مجھے میری ٹیم جہلم، چکوال، راولپنڈی سمیت سب پر فخر ہے،پورے پنجاب میں سب سے زیادہ راولپنڈی پولیس ن متعدد ٹیرر اور کریمنل گروپوں کے خلاف کاروائی کرکے ریکارڈ اسلحہ برآمد کیا،پنجاب میں راولپنڈی واحد ڈسٹرکٹ ہے جہاں ایک ڈیڑھ ماہ کے عرصہ کے دوران 4500سے زائد مقدمات درج کیے گے، اتنے مقدمات کا اندراج ہمارے لیے چیلنج تھا جس کو ہم نے قبول کیا،ہم عوام کے خادم ہیں حاکم نہیں،یہ چھوٹی سی کاوش ہے اس میں مزید بہتر ی بھی لائی جائے گی۔ آر پی او نے مزید کہا کہ افسران رات آٹھ بجے بھی دفتر میں شہریوں کے مسائل کیلئے بیٹھے ہیں،راولپنڈی میں سٹریٹ کرائم اور وہیکل چوری ایک مسئلہ ہے اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کرائم پر قابوپانے ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلہ میں تاجر برادری، میڈیا، سول سوسائٹی کا تعاون درکا ر ہے،سی پی او راولپنڈی اور ان کی ٹیم نے گینگسٹرز کے خلاف اچھی کاروائیاں کیں جو جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جرائم کے خاتمے تک ہمارا جہاد جاری رہے گا، پریس کانفرنس کے اختتام پر افسران نے میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جوابات بھی دئیے، برآمد کی گئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے اصل ملکان نے چابیاں وصول کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے شب و روز محنت کرکے ہماری چوری شدہ گاڑیاں اور موٹرسائیکل برآمد کرکے ہمارے حوالے کیے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /راولپنڈی