قومی انڈر 19 ٹیم نے پاکستان کی شان بلند کر دی، کمال کی خبر آ گئی

قومی انڈر 19 ٹیم نے پاکستان کی شان بلند کر دی، کمال کی خبر آ گئی
قومی انڈر 19 ٹیم نے پاکستان کی شان بلند کر دی، کمال کی خبر آ گئی

  



بینونی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویلومور پارک بینونی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو شاہینوں نے افغان بلے بازوں کو ناکوں چنے چبوائے رکھے اور پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 189 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ فرحان زخیل 40 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ابراہیم زدران نے 11، رحمن اللہ نے 29، عابد محمدی نے 28، محمد اسحاق نے 15 اور نور احمد نے 11 رنز بنائے۔

قومی انڈر19 کی جانب سے محمد عامر خان سب سے کامیاب باﺅلر ٹھہرے جنہوں نے 10 اوورز میں 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فہد منیر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ طاہر حسین، عباس آفریدی، عامر علی اور قاسم اکرم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مقررہ ہدف محمد حریرہ کے شاندار 64 رنز کی بدولت 41.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ دیگر بلے بازوں میں حیدر علی نے 28، کپتان روحیل نذیر نے 22، قاسم اکرم نے 25 اور محمد حارث نے 29 رنز بنائے۔

افغان انڈر19 ٹیم کی جانب سے نور احمد نے 10 اوورز میں 32 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تاہم کوئی اورباﺅلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

مزید : کھیل