پاکستان کو ایک اور ہیرا مل گیا، کوارٹر فائنل میں ڈیبیو کرنے والے محمد حریرہ نے کیسا کمال کیا؟ جان کر آپ دل کھول کر داد دیں گے
بینونی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈر19 کرکٹ سے محمد حریرہ کی شکل میں پاکستانیوں کو ایک اور ہیرا مل گیا ہے جنہوں نے کوارٹر فائنل جیسے اہم میچ میں ڈیبیو پر شاندار 64 رنز بنا کر ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ویلی مور پارک بینونی میں کھیلے گئے میچ میں قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم نے افغانستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ افغان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.1 اوورز میں صرف 189 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی اور قومی انڈر 19 ٹیم نے مقررہ ہدف 41.1 اوورز میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
قومی انڈر19 انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے محمد حریرہ نے انتہائی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 76 رنز پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے اور ان کا سٹرائیک ریٹ 84.21 رہا، جس کے باعث قومی ٹیم نے باآسانی سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔