”پاکستان سپر لیگ کی ٹیمیں 6 ہی رہیں گی“ پانچویں سیزن کے آغاز سے پہلے ہی بڑا اعلان ہو گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نے کہا ہے کہ لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں بھی ٹیموں کی تعداد میں اضافے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور ایسا کوئی بھی فیصلہ شائقین کی دلچسپی اور کمرشل معاملات کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی کی جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب نوید نے کہا کہ ابھی تک آئندہ ایڈیشن کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کا کوئی منصوبہ نہیں،اس طرح کاکوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل فرنچائزز کے ساتھ بات کریں گے جبکہ اس بات کا جائزہ بھی لینا ہوگا کہ تماشائیوں کی دلچسپی اور کمرشل معاملات سمیت اس کی کتنی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ 1996ءکے بعد اب پہلی بار پی ایس ایل کی صورت میں پی سی بی کسی ایسے میگا ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے جس کے میچز مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ ایک ہی روز 2 مختلف وینیوز پر میچز شیڈول کئے جانے کی وجہ سے انتظامی معاملات انتہائی اہم ہیں، البتہ میں ایک بات کا یقین دلاتا ہوں کہ ہماری طرف سے بھرپور تیاریاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بات تسلیم کرنے میں عار نہیں کہ عالمی سطح پر اسی نوعیت کے دیگر ایونٹس کے مقابلے میں ہم انتظامی مہارت میں پیچھے ہیں اور سیکھنے کے مراحل میں ہیں تاہم آئندہ سالوں میں ایونٹس کا مزید بہتر انداز میں انعقاد کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔رواں سال پی ایس ایل کے دوران کرکٹرز کو ویسی ہی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جو پاکستان میں حالیہ انٹرنیشنل میچز کے دوران دیکھنے میں آئی تھی۔