پروٹوکول کے خلاف آواز اٹھانے والے تحریک انصاف کے وزراءوی آئی پی پروٹوکول کے رسیا نکلے، شفقت محمود کے دورہ سکھر کے موقع پر عوام کیساتھ کیا سلوک کیا گیا؟
سکھر (ویب ڈیسک ) وی وی آئی پی پروٹوکول کے خلاف آواز اٹھانے والے تحریک انصاف کے وزراءوی آئی پی پروٹوکول کے رسیا نکلے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سکھر کے تاریخی مقام میر معصوم شاہ مینار کا دورہ کرنے آئے تو انتظامیہ اور پولیس نے انہیں بھرپور پروٹوکول دیتے ہوئے دورے کے موقع پر میر معصوم شاہ مینار کے اطراف کاروباری مراکز بند کرا دیئے گئے اور میر معصوم شاہ مینار آمد سے قبل عام لوگوں کا وہاں داخلہ بند کردیا گیا تھا، تاجر برادری کو بند دکانوں کے باہر کھڑے ہوکر شفقت محمود کی آمد اور روانگی کا انتظار کرنا پڑا، بازار کی دوکانیں صبح 9 بجے کھل جاتی ہیں لیکن پولیس کی جانب سے تاجروں کو کہا گیا ہے وزیر کے دورے کے بعد دوکانیں کھولیں، جبکہ دورے کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری اور کئی گاڑیاں بھی وہاں موجود تھیں۔
دکانیں بند کرائے جانے پر وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ میں نے انتظامیہ کو صرف اتنا کہا تھا کہ مجھے میر معصوم شاہ مینار کا دورہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ جو صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں وہ جب بھی سکھر کا دورہ کرتے ہیں تو انتظامیہ کو سختی سے ہدایات دی جاتی ہیں کہ انکے دورے کے موقع پر نہ کسی علاقے میں دکانیں اور نہ ٹریفک بند کی جائے میرے دورے کی وجہ سے عوام کو مشکلات نہیں ہونی چاہئیں۔