ملکی معیشت کی بحالی حکومتی کارنامہ ہے، غلام محی الدین دیوان
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کے ممبر کشمیر قانون سازاسمبلی غلام محی الدین دیوان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی حکومتی کارنامہ ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان اور انکی ٹیم خراج تحسین کی حقدار ہے، ملکی معیشت کی تباہی کے اصل مجرم شریف اور زردار ی خاندان ہیں، نواز شریف اور آصف زردار ی نے پاکستان کو مقروض بنا یااور دن رات لوٹ کرابوں روپے کے اثاثے بنائے۔انہوں نے کہاکہ مفرور جعلی بیمار نواز شریف اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے لندن میں بیٹھ کر بیان بازی کی بجائے پاکستان آئیں اور ملکی احتساب عدالتوں کا سامنا کریں۔
تاکہ قوم کوانکا حقیقی چہرہ ایک بار پھر نظر آسکے، کرپٹ سیاستدانوں کی اصل جگہ اقتدار کے ایوان نہیں جیل ہے انہیں اپنے کئے کی سزا بھگتنا پڑے گی لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی ان سے وصول کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ ن لیگ اورپیپلز پارٹی کا اتحاد صرف مفادات کے لیے تھا اس لیے پیپلز پارٹی حالات کا رخ دیکھ کرپی ڈی ایم کوچھوڑ چکی، اسی طرح دیگر سیاسی جماعتیں بھی اب اس اپوزیشن اتحا د سے جلد الگ ہو جائیں گی اور مارچ کے لانگ مارچ میں نواز لیگ کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔