غربت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، افتخار علی ملک

  غربت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، افتخار علی ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے  صدرافتخار علی ملک نے کہا ہے کہ خطے میں خوشحالی، ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون کو مضبوط اور بہتر بنانے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے سارک کونسل آف منسٹرز سے  اپیل کی  کہ وہ طریقہ کار کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جلد میٹنگ کا انعقاد کرے کیونکہ سارک اور اس کی وابستہ تنظیموں کو رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی نمو کو تیز کرنے کے لیے ضروری اقدامات میں  مشکلات کا سامنا ہے،بالخصوص  کونسل کے موجودہ سربراہ نیپال کو اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے وسیع تر تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اقتصادی ترقی کے ہموار بہاؤ  میں حائل تمام رکاوٹوں کو رکن ممالک کے درمیان باہمی اتفاق رائے سے فوری طور پر دور کیا جائے۔ ایم این اے چوہدری طاہر اقبال آرائیں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بزرگ تاجر رہنما افتخار علی ملک کی جانب سے تجارت کے فروغ اور تاجر برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرکے ملک میں صنعت کاری کی رفتار کو تیز کرنے میں  ان کی معاونت اور بے لوث خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افتخار ملک پاکستان میں واحد تاجر رہنما ہیں جنہوں نے زندگی بھر حکومت یا سرکاری یا نجی شعبے سمیت کسی بھی چیمبر سے ایک پیسے  کا بھی فائدہ نہیں اٹھایا اور سفر اور رہائش کے تمام اخراجات بھی اپنی جیب سے برداشت کئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سارک چیمبر اپنے ان مقاصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا جن کا تصور 1985 میں اس کے قیام کے وقت کیا گیا تھا۔ صدر ایف پی سی سی آئی  چوہدری زاہد اقبال آرائیں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سارک چیمبر کو خطے کے اندر تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد کے لیے ایک قابل عمل حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔  افتخار علی ملک نے میزبانوں کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ انتہائی لگن اور ولولے کے ساتھ پورے جنوبی ایشیا خصوصا پاکستان کی تاجر برادری کی بلا امتیاز خدمت کرتے رہیں گے۔

مزید :

کامرس -