تحصیل میئر کے امیدوار قیضار خان میاں خیل فیصل کنڈی کے حق میں دستبردار

    تحصیل میئر کے امیدوار قیضار خان میاں خیل فیصل کنڈی کے حق میں دستبردار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈیر ہ اسماعیل خان(بیور ورپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار تحصیل میئر فیصل کریم کنڈی کی کامیاب حکمت عملی، تحصیل میئر کے امیدوار قیضار خان میاں خیل انکے حق میں دستبردار ہوگئے، سابق ایم این اے عمر فاروق خان میاں خیل، تحصیل پروآ کے نومنتخب آزاد تحصیل ناظم فخر اللہ خان میاں خیل، ڈسٹرکٹ بار کے صدر سابق تحصیل ناظم قیضار خان میاں خیل پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔ یہ اعلان میاں خیل ہاس میں ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری، صوبائی صدر نجم الدین خان، مرکزی راہنما انور سیف اللہ خان اور دیگر قائدین نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سید نیئر حسین شاہ بخاری نے کہا کہ میاں خیل خاندان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے اس خطہ میں پیپلز پارٹی کو تقویت ملے گی،آنے والے دور میں پاکستان بھر اور خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ناظم پہاڑ پور مخدوم زادہ سید الطاف حسین شاہ اور میں ایک ہی خاندان ہیں اور ڈیرہ اسماعیل خان سے پیر شاہ عیسی کی نسبت سے ہماری محبت قدیمی ہے۔ ہم عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی صوبائی اور مقامی قیادت کے تعاون کے مشکور ہیں۔ الیکشن کمیشن وفاقی وزیر کے اقدامات کا نوٹس لیں، اس غیر قانونی غیر آئینی اقدام کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قیضار خان میاں خیل کی فیصل کریم کنڈی کے حق میں دستبرداری اور پیپلز پارٹی میں شمولیت لائق ستائش ہے، ہم پارٹی کے مرکزی چیئرمین کے حکم پر میاں خیل ہاس آئے ہیں اور ہم نے میاں خیل خاندان کی غیر مشروط حمایت کے شکر گزار ہیں اور پارٹی آپ کو مایوس نہیں کرے گی۔ پارٹی کے مرکزی راہنما انور سیف اللہ خان نے پیپلز پارٹی میں میاں خیل خاندان کی شمولیت کو ایک بہترین فیصلہ قرار دیا اور اسے اس خطہ میں پیپلز پارٹی کے لیئے بہترین سیاسی مستقبل کا پیش خیمہ قرار دیا،ڈیرہ اسماعیل خان صوبہ کا اہم مرکز ہے تخت پشور، نوشہرہ،مردان جنوبی اضلاع کی جانب توجہ نہیں دیتے، اس مرتبہ جنوبی اضلاع مل کر الیکشن لڑینگے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قیضار خان میاں خیل نے کہا کہ پی پی پی کی قیادت اور ورکروں کی محبت کا شکر گزار ہوں،پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھنے میں ہمارے والد نے بھٹو شہید کا ساتھ دیا تھا اور آج میں کالج لائف کے بعد دوبارہ اپنے ماں پارٹی میں شامل ہوگیا ہوں۔ بھرپور توانائی استعمال کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کے حق میں مرکزی قیادت پر نہ صرف دستبردار ہورہا ہوں بلکہ انکی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرونگا۔ 13فروری فیصل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی کی جیت کادن ہوگا۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سٹی میئر کے امیدوار فیصل کریم کنڈی نے میاں خیل گروپ کے دوستوں، اے این پی کے ساتھیوں، پیپلز پارٹی کی مرکزی صوبائی مقامی قیادت کا شکریہ ادا کیا،میاں خیل خاندان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ میں پارٹی اور اپنی جانب سے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں، ڈیرہ اسماعیل خان میں آنے والے الیکشن میں تمام سیٹیں جیت کر دینگے۔ تیرہ فروری کو کامیابی کے بعد ہم مل کر ڈیرہ کی ترقی دوستوں کی مضبوطی کے لیئے کام کرینگے،ہمارا مقابلہ وزیر اعظم کے چہیتے اور وزیر اعلی کے لاڈلے کے ساتھ ہے۔ ان شااللہ خدا کے فضل و کرم سے پانچ فروری کو ڈیرہ میں پیپلز پارٹی کا نعرہ چل چکا ہوا ہے، اندھا دھند نوکریاں باٹنے والا وفاقی وزیر دربدر ہے، بلدیات کا صوبائی وزیر اپنا صوبہ ہار گیا، ان شا اللہ تیرہ فروری پی پی پی کی کامیابی کادن ہوگا۔تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے کارکنوں کے خصوصی وفود نے بھی شرکت کی۔