یوسف رضا گیلانی نے سٹیٹ بینک بل منظوری کا کریڈٹ صادق سنجرانی کو دیدیا

یوسف رضا گیلانی نے سٹیٹ بینک بل منظوری کا کریڈٹ صادق سنجرانی کو دیدیا
یوسف رضا گیلانی نے سٹیٹ بینک بل منظوری کا کریڈٹ صادق سنجرانی کو دیدیا
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک بل کی منظوری کا کریڈٹ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو دینا چاہیے، حکومت نے رات کے اندھیرے میں شب خون مارا ہے۔
سینیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ نے کسی بل کے لیے ووٹ دیا ہے۔اس پر صحافی نے سوال کیا کہ اسٹیٹ بینک بل کی منظوری کے معاملے پر ساری حکومت آپ کا نام لے لے کر شکریہ ادا کررہی ہے جس پر یوسف رضا گیلانی نے جواباً کہا کہ اچھی بات ہے، آئندہ بھی کرتے رہیں۔

انہوں نےکہاکہ جب بل سینیٹ میں آیاتو11 لوگ نہیں تھے،ان کےارادے پرشک نہیں کررہا،سٹیٹ بینک کا اتنا اہم بل رات کو 12 بجے ایجنڈےپر لایا گیا،رات کے اندھیرے میں شب خون مارا گیا،یہ زیادتی اور پارلیمانی روایت کے خلاف ہے ،چیئرمین سینیٹ کو متعصب نہیں ہونا چاہیے تھا، آدھ گھنٹہ اجلاس ملتوی کیا، میں ایوان میں ہوتا تو حکومت بل موخر کردیتی اور پھر لے آتی۔

یاد رہے کہ ایوان بالا میں سٹیٹ بینک ترمیمی بل پر اپوزیشن کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی اور اس دوران قائدایوان یوسف رضا گیلانی کی عدم حاضری پر اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ حکومتی وزرا نے گیلانی کا شکریہ ادا کیا تھا۔خود پر ہونے والی تنقید کے بعد آج یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا تاہم بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کا استعفٰی قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز  پارٹی کے نمائندے اپنا احتساب خود کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی کی خدمات جمہوریت پسندوں کےلیے روشن مثال ہیں۔

مزید :

قومی -