کشمیریوں کی وکالت کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے، سراج الحق

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی وکالت کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے، اگر پاکستان جسم ہے تو کشمیر روح، مقبوضہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی تکمیل کا مسئلہ ہے۔ واضح کر دوں جان دے سکتے ہیں، کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں قائدین آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اعزاز میں استقبالیہ کے دوران کیا۔ سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ استقبالیہ میں حریت کانفرنس کی آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع، اسلام آباد اور برطانیہ، ترکی ودیگر ممالک سے قیادت نے شرکت کی۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کو بتا دیا تھا گلگت بلتستان کو صوبہ کی حیثیت دینے سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی آئینی اور اخلاقی پوزیشن کمزور ہو جائے گی، جب تک مقبوضہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق آزاد نہیں ہو جاتا، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا درست فیصلہ نہیں۔ حکومت پر یہ بھی بار بار واضح کیا کہ اگر کشمیر کی آزادی کی جنگ سری نگر میں نہ لڑی تو بھارت یہ لڑائی مظفر آباد تک لے آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا تسلیم کرتا ہوں کہ اسلام آباد لیٹ گیا لیکن پاکستان کے عوام اور جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، مقبوضہ وادی کا نوجوان اور مائیں بہنیں بھی قربانیاں دے رہی ہیں۔ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر نئے عزم کے ساتھ منایا جائے۔