پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکا، شہدا ءکی تعداد100ہوگئی 

پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکا، شہدا ءکی تعداد100ہوگئی 
پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکا، شہدا ءکی تعداد100ہوگئی 

  

 پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) تھانہ پولیس لائنز کی مسجد کے اندر خود کش دھماکے کے نتیجے میں اب تک امام مسجد اور اہلکاروں سمیت100افراد شہید ہو گئے، 157 افراد  زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد میں ظہر کی نماز ادا کی جارہی تھی،خیال کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور پہلی صف میں موجود تھا،دھماکے کے بعد پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں زخمیوں کو خون دینے کیلئے اپیل کی گئی ہے جس میں O negative خون خصوصی طور پر عطیہ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں اب تک 100 افراد شہید ہوئے جبکہ ایل آر ایچ میں زخمیوں کی تعداد 157 سے زائد ہوگئی۔ہسپتال لائے گئے زخمیوں میں 10 کی آپریشن تھیٹرز میں سرجری جاری ہے جبکہ 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پشاور میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے پیش نظر صوبے میں آج یوم سوگ منایا جائے گا۔نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ آج خیبرپختونخوا میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا ۔اعظم خان نے کہا کہ حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مزید :

اہم خبریں -علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -