(ق )لیگ کی صدارت کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے معاملے پر چودھری شجاعت حسین کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنایا،الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کی پارٹی صدارت کے حوالے سے درخواست منظور کرلی ،فیصلے میں کہاہے کہ چودھری شجاعت حسین ہی مسلم لیگ (ق)کے صدر رہیں گے،الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کی برطرفی پارٹی آئین سے متصادم قراردیدی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی کو بھی غیرقانونی قراردیدیا،فیصلے میں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی شجاعت کو صدارت سے ہٹانے کی کارروائی کالعدم قرار دیدی گئی،کمیشن نے ق لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا جاری کردہ پارٹی الیکشن شیڈول بھی کالعدم قرار دیدیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس اگست میں فیصلہ محفوظ کیا تھا، چودھری شجاعت نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی۔الیکشن کمیشن نے حکم امتناع پر چودھری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔