سب کے دلائل ایک ساتھ سنیں گے،عدالت نے فوادچودھری کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت کل تک ملتوی کر دی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ٹی آئی کے رہنما فوادچودھری کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی، جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ سب کے دلائل ایک ساتھ سنیں گے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں فوادچودھری کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت ہوئی ،وکیل الیکشن کمیشن نے سماعت2 فروری تک ملتوی کرنے کی استدعاکردی،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ ہمیں درخواست ضمانت کی کاپیاں دی جائیں ، درخواست ضمانت پڑھ کر کیس میں حاضر ہونا چاہتا ہوں۔
بابراعوان نے کہاکہ آپ اپنے لئے بات کریں، پراسیکیوشن کی طرف سے بات نہ کریں ،بابراعوان نے استدعا کی کہ پراسیکیوشن آج اور الیکشن کمیشن کل دلائل دے ،جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ سب کے دلائل ایک ساتھ سنیں گے،کیس کی سماعت کل 2 بجکر15 منٹ تک ملتوی کردی گئی ۔