آزادی کے بعد ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے کیا حکمت عملی تجویز کی گئی تھی ؟

آزادی کے بعد ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے کیا حکمت عملی تجویز کی گئی تھی ؟
آزادی کے بعد ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے کیا حکمت عملی تجویز کی گئی تھی ؟

  

تحریر :مولانا ابو اللیث اصلاحی

شہادت حق کو اپنا اجتماعی نصب العین مقرر کر لینے کے بعد ہندوستان کے مسلمانوں کی آئندہ اجتماعی جدوجہد، قوم پرستانہ تخیل کے بجائے ان ہمہ گیر انسانی اصولوں پر قائم ہوگی جو اسلام پیش کرتا ہے اور اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ اس سے نہ صرف وہ قومی کشمکش ختم ہوجائے گی جو قوم پرستانہ تخیل کی پیداوار ہے، بلکہ اس کی جگہ وہ اعتماد اور جذبہ خیر سگالی پیدا ہوجائے گا جو ہندوستان میں اسلام اور مسلمانوں دونوں کی بقاء و ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ بلکہ یہ امید بھی کی جا سکتی ہے کہ اگر ٹھیک ٹھیک اس نصب العین کے مطابق کام کیا جائے تو مسلمان جو اس وقت اپنے قوم پرستانہ تصور کے ماتحت ایک حقیر قوم یا بے وزن اقلیت بن کر رہ گئے ہیں، جس میں حالات کے دباؤ کے تحت روز بروز گھٹاؤ کا عمل بھی جاری ہے، آئندہ اقلیت نہ رہیں اور اسلام کے پیش کیے ہوئے اصول ہی یہاں کے حکمراں اصول ہوں۔

مسلمان اپنے کو اگر صرف ایک قوم ہی سمجھتے رہے تو یقیناً ہندوستان میں ان کے بڑھنے اور پھولنے پھلنے کا کوئی امکان نہیں ہے، بلکہ اپنی موجودہ حیثیت کو برقرار رکھنا بھی ان کے لیے دشوار ہے، کیوں کہ اس سے دوسری قوموں کی قوم پرستی کے جذبات بھڑکتے ہیں اور وہ ان کو خطرہ سمجھ کر ان کو نگل لینے کے لیے آمادہ ہو جاتی ہیں۔ لیکن اگر وہ ایک اصولی پارٹی بن جائیں جیسا کہ وہ فی الواقع ہیں اور جس کی بنا ءپر ان کو حزب اللہ یا شہداء اللہ فی الارض کا خطاب عطا کیا گیا ہے تو آئندہ یہاں قومیت کی بنیاد پر مسلم وغیر مسلم کی کوئی کشمکش باقی نہیں رہے گی۔

کشمکش اگر ہوگی تو اصولوں کے درمیان ہوگی، اور ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ اسلام کے اصولوں کو اگر مناسب طریقوں سے پیش کیا گیا اور یہاں کے باشندوں کو کسی مناسب ماحول میں ان پر سنجیدگی کے ساتھ غور کرنے کا موقع ملا تو یقیناً وہ ان پر توجہ کریں گے اور دوسرے اصولوں کے مقابلے میں، جن کے تجربے دنیا کے لیے مایوس کن ثابت ہو رہے ہیں، وہ ان کو قابلِ ترجیح خیال کریں گے۔

( کتاب "مسلمانانِ ہند آزادی کے بعد" ، ص311)

مزید :

ادب وثقافت -