'مذاکرات کیلئے طالبان کے نامزد نمائندوں میں عمران خان کا نام بھی تھا، سینیٹر عرفان صدیقی کا دعویٰ

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے طالبان کی نامزد نمائندوں میں عمران خان کا نام بھی تھا۔
نجی ٹی وی چینل" جیو نیوز"کے مطابق صادق سنجرانی کی صدارت میں سینیٹ کا اجلاس ہوا،سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ ہم نے طالبان سے مذاکرات کی بات کی تو انھوں نے اپنے 4 نمائندوں کا اعلان کیا، احسان اللہ احسان نے 4 نمائندے دیئے،طالبان نے پروفیسر ابراہیم، مولانا سمیع الحق اور مولانا عبدالعزیز نمائندے دیئے ۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ جس چوتھے نمائندے کا نام دیا گیا وہ عمران خان تھا، طالبان نے کہا کہ عمران خان ہمارے نمائندے کے طور پر شامل ہوں گے ،عمران خان نے اپنا ایک نمائندہ دیا اور مذاکرات ہوتے رہے۔
سینیٹ اجلاس میں عبدالغفور حیدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حکومت آزاد خارجہ پالیسی بنائے ، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے زیادہ طاقتور نہیں ہوتے،تسلیم کرتے ہیں پشاور واقعہ سیکیورٹی لیپس ہے، عمران خان جاتے ہوئے دہشتگردی کی سرنگیں بچھاکر چلا گیا۔