موٹروے میگا کرپشن کیس، ملزم عاشق کی نشاندہی پر 29 کروڑ 97 لاکھ سے زائد برآمد

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) موٹر وے میگا کرپشن کیس میں ملزم عاشق کو 5 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر نیب نے 29 کروڑ 97 لاکھ سے زائد رقم برآمد کر لی۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدر آباد سکھر موٹروے ایم 6 مٹیاری میں سوا 2 ارب کی کرپشن کے معاملے پر گرفتار سہولت کار عاشق کے خلاف احتساب عدالت میں سماعت ہوئی، فاضل جج نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو مزید 5 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ ملزم عاشق سے پہلے بھی 14 کروڑ روپے برآمد کئے جا چکے، مزید نشاندہی پر نیب نے 29 کروڑ 97 لاکھ سے زائد رقم برآمد کی جبکہ 2 قیمتی گاڑیاں بھی ملزم کے قبضے سے برآمد کی گئی ہیں۔