"جب آپ سو رہے ہوں تو آپ کا واٹس ایپ ہیک کیا جاسکتا ہے" ماہرین نے خبردار کردیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ صارفین کو ایک نئے خطرناک ہیک سے متنبہ کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ان کا واٹس ایپ اکاﺅنٹ ان کے سوتے ہوئے ہیک کیا جا سکتا ہے اور ان کا نجی ڈیٹا چوری کیا جا سکتا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق سائبر سکیورٹی ماہرین نے اس خطرناک خامی کا پتہ چلایا ہے جو واٹس ایپ کے اکاﺅنٹ ریکوری پراسیس میں موجود ہے۔
ہیکر اس خامی کو لوگوں کے اکاﺅنٹس ہیک کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور ان کے اکاﺅنٹس سے ان کے رابطہ نمبروں پر فراڈ پیغامات بھیج رہے ہیں۔ایک سائبر سکیورٹی ماہر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل @ihackbanmeپر لکھا ہے کہ ”آپ سو رہے ہیں۔ ایک ہیکر آپ کے واٹس ایپ اکاﺅنٹ میں لاگ ان کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ آپ کو ایک میسج موصول ہوتا ہے جس میں ایک پن کوڈ ہوتا ہے۔ اس میسج میں لکھتا ہوتا ہے کہ یہ پن کوڈ کسی دوسرے کو مت دیں اور آپ کسی کو وہ پن کوڈ نہیں دیتے، اس کے باوجود آپ کا اکاﺅنٹ ہیک ہو جاتا ہے۔“
سائبر سکیورٹی ماہر اس کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتا ہے کہ آپ کے فون پر ایک بار ٹیکسٹ میسج کے ذریعے کوڈ آنے کے بعد ہیکر کوڈ موصول نہ ہونے کے آپشن پر کلک کرتا ہے، جس کے نتیجے میں واٹس ایپ آپ کو وائس میل بھیج دیتا ہے جس میں پن کوڈ ہوتا ہے۔ اب ہیکرز ڈیفالٹ پن کوڈ کے ذریعے آپ کے وائس میل تک رسائی حاصل کرتے ہیں اور اس میں سے واٹس ایپ کا ریکوری پن کوڈ حاصل کرکے آپ کے واٹس ایپ اکاﺅنٹ کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں۔
یہ کرنے کے بعد ہیکرز آپ کے واٹس ایپ اکاﺅنٹ پر ’ٹو فیکٹر ویریفکیشن‘ آن کر دیتے ہیں اور آپ کے نمبر سے آپ کے رابطہ نمبروں پر وائرس وغیرہ بھیجتے رہتے ہیں۔سکیورٹی ماہر بتاتا ہے کہ اگر آپ ہیکنگ کے اس طریقے سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنے وائس میل کا پن کوڈ کبھی بھی ڈیفالٹ مت رہنے دیں، بلکہ نیا پن کوڈ لگا کر اپنے وائس میل کو محفوظ بنائیں۔