بھارت میں اپنی مریدنی کی عصمت دری کرنے والے ہندو گرو کو عمر قید کی سزا سنادی گئی

احمد آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) گاندھی نگر کی ایک عدالت نے منگل کے روز خود ساختہ ہندو گرو آسارام باپو کو عمر قید کی سزا سنادی ۔ ان کے خلاف ان کی ایک سابق مریدنی نے 2013 میں عصمت دری کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 81 سالہ آسا رام اس وقت جودھ پور کی جیل میں بند ہے، جہاں وہ 2013 میں راجستھان میں اپنے آشرم میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کے ایک اور کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ سیشن کورٹ کے جج ڈی کے سونی نے سزا کی مقدار پر دلائل سننے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے پیر کے روز آسارام کو 2013 میں ایک خاتون مریدنی کے ساتھ عصمت دری کرنے کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا۔ خاتون کا تعلق سورت سے تھا جس کو 2001 سے 2006 کے درمیان جب وہ احمد آباد کے قریب موتیرا میں واقع اس کے آشرم میں رہ رہی تھی، کئی مواقع پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
عدالت نے آسارام کو تعزیرات ہند کی دفعات 376، 2 (سی) (ریپ)، 377 (غیر فطری جرم)، 342 (غلط حراست)، 354 (عورت پر حملہ یا اس کی عزت کو مجروح کرنے کے ارادے سے مجرمانہ طاقت)، 357 (حملہ) کے تحت مجرم قرار دیا۔