دبئی میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا آسان طریقہ

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اگر آپ بیرون ملک تعطیلات کا منصوبہ بنا رہے ہیں تو ایک بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس (آئی ڈی ایل) آپ کی منتخب کردہ ملک میں روڈ ٹرپ کرنے کا ٹکٹ ہے۔ اگر آپ کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس ہے تو آپ متحدہ عرب امارات میں جاری کردہ بین الاقوامی اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق یو اے ای کے آٹوموبل اینڈ ٹورنگ کلب (اے ٹی سی یو اے ای) کے مطابق آئی ڈی ایل ایک ڈرائیونگ لائسنس ہے جو ڈرائیورز کو اپنی گاڑیاں متحدہ عرب امارات سے باہر قانونی طور پر چلانے کی اجازت دیتا ہے۔ پوری دنیا میں تسلیم شدہ آئی ڈی ایل ایک سال کے لیے کار آمد ہوتا ہے ۔
اے ٹی سی یو اے ای کے مطابق رہائشی اگر ذاتی طور پر کلب کے دفاتر یا متحدہ عرب امارات میں ایمریٹس پوسٹ آفسز میں جاتے ہیں تو 30 منٹ سے کم وقت میں آئی ڈی ایل حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ آن لائن بھی درخواست دے سکتے ہیں، لیکن 'تمام آن لائن درخواستوں کو آپ کے مطلوبہ پتے پر پہنچانے کے لیے پانچ ورکنگ دنوں کا وقت لگے گا'۔
انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے صارفین کو یو اے ای کے ڈرائیونگ لائسنس ، ایمریٹس آئی ڈی اور پاسپورٹ سائز تصاویر کی ضرورت ہوگی۔ دبئی میں آئی ڈی ایل کیلئے 77 درہم فیس ہے جب کہ 20 درہم دیگر اخراجات ہیں۔ دیرہ یا البرشہ میں کسٹمر ہیپی نیس کے مراکز سے لائسنس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ نارمل ڈلیوری سے لائسئنس لینا چاہتے ہیں تو اس کی فیس 20 درہم ہوگی جب کہ اسی دن حاصل کرنے کیلئے 35 درہم ادا کرنے ہوں گے۔ آئی ڈی ایل رکھنے والے غیر ملکی شہری دبئی میں بھی گاڑی چلانے کے اہل ہوں گے۔