اوگرا کی طرف سے قیمتوں میں نیا اضافہ پٹرول کو تیلی دکھانے کے مترادف ہوگا:پیر معصوم شاہ
لاہور(پ ر )جمعیت علماءپاکستان (نیازی )کے مرکزی صدر پیر معصوم شاہ نقوی نے کہا ہے کہ مہنگائی ختم نہ ہوئی توقوم بھی حکمرانوں سے کنٹرول نہ ہوگی ، اوگرا کیطرف سے قیمتوں میں نیا اضافہ پٹرول کو تیلی دکھانے کے مترادف ہوگا، بدامنی اور مہنگائی کا طوفان کھڑا کرکے حکمران خود ہی اس ملک میںخونی انقلاب کی راہ ہموار کررہے ہیں۔عوام کے منتخب نمائندے بھی عوام سے غداری کرکے اسمبلیوں میں لوڈشیڈنگ اور مہنگائی پرخاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی کیطرف سے دی گئی ایک افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرنائب صدر پیر انیس الحسن بخاری ،صدر پنجاب پیر اختر رسول ،اور جے یو پی کے رہنماﺅں چوہدری حنیف سندھو،چوہدری ظفر نت ،محمد آصف بٹ ،سید اسرار حسین شیرازی، چوہدری غلام نبی ،سید عقیل حیدر اور دیگربھی موجود تھے۔ پیر معصوم شاہ نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ و مہنگائی سے عوام کا جینا محال ہوگیا، لیکن کوئی جماعت اس ایشو پر باہر نہیں نکل رہی،آج ملک میں نظام مصطفےٰ رائج ہوتا توکرپشن ہوتی اور نہ ادارے تباہ حال ہوتے، عوام کو برابری کی سطح پر حقوق انکی دہلیز پر ملتے۔