محمد منیر کا پنجاب یوتھ فیسٹیول میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کا اعلان

محمد منیر کا پنجاب یوتھ فیسٹیول میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کا اعلان

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے محمد منیر نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران” پیش اپس“ میں تین مختلف ورلڈ ریکارڈ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک گھنٹہ میں 2503”پش اپس“ لگانے کا اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک نیا سٹائل متعارف کروائیں جس میں وہ 1500” ڈنڈ اور بیٹھک“ اکٹھے لگانے کا ریکارڈ بنائیں گے۔ محمدمنیر نے کہا کہ وہ بھارت سے تعلق رکھنے والے بجیندر سنگھ کا 1998میں 3877پیش اپس لگانے کا ریکارڈ بھی توڑیں گے۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوان نسل کو یوتھ فیسٹیول کے ذریعہ ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے جس کے ذریعے نوجوان نسل آگے آئے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے پسندیدہ مشغلوں میں ورلڈ ریکارڈ بنائیں اور ہم اس ریکارڈ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے آفیشلز کے سامنے رکھیں گے تاکہ اس کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جاسکے۔عثمان انور نے کہا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم اکتوبر کے وسط میں پاکستان آئے گی،36 افراد نے اپنا مختلف چیزوں میں ورلڈ ریکارڈ توڑنے کیلئے اپنے عزائم کا اظہار کیا ہے جس میں سے پانچ ایسے ہیں جو اپنے سابقہ ریکارڈ کو بہتر کریں گے۔ ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے ہی ان افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کو موقع دے رہے ہیں اور یہ ورلڈ ریکارڈ بنا لیتے ہیں تو یہ بھی کسی اعزاز سے کم نہیں تاہم پھر بھی اس حوالے سے اعلیٰ حکام سے درخواست کریں گے کہ ان لوگوں کی مالی معاونت کیلئے اقدامات کیئے جائیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی