انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے،عظیم گھمن

انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے،عظیم گھمن

 حیدر آباد(آئی این پی) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عظیم گھمن نے کہا ہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے ، بابر اعظم ، سمیع اسلم ،عثمان قادر اور ضیاءالحق ٹیم کو ٹائٹل جتوا سکتے ہیں ۔ ایک ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے دستیاب کھلاڑیوں میں بہترین کا انتخاب کیا ہے جو میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر کنڈیشنز اور میگا ایونٹ کا دباو¿ ضرور ہوگا لیکن بابراعظم کی صلاحیتوں سے میں بخوبی واقف ہوں ، وہ دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کھیل کے تینوں شعبوں میں مضبوط اور متوازن ہے جو عمدہ کارکردگی دکھائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کی تمام ٹیمیں بہت مضبوط ہیں لیکن پاکستان کو اصل خطرہ بھارت سے ہے جبکہ پاکستان میزبان آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ ، ملائیشیا اور دیگرٹیموں کو ہرا چکا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ فیلڈنگ کے شعبے کی خامیوں پر توجہ دینا ہو گی ، سابق کوچ اعجاز احمد سخت محنت کے عادی تھے اور ایک سیشن میں ہر کھلاڑی کو 50 سے 60کیچز کی پریکٹس کروائی جاتی تھی جس سے معمولی فیلڈر بھی اچھا فیلڈر بن گیا تھا ۔ عظیم گھمن نے کہا کہ باو¿لرز کو اہم میچز میں فاضل رنز روکنے ہوں گے اور ہر رن کےلئے جدوجہد کر نا ہوگی ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی