تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں،اظہر علی

تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں،اظہر علی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ بیٹسمین اظہر علی نے کہا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔ایک انٹرویو میں اظہر علی نے کہا کہ مجھ پر ٹیسٹ بیٹسمین کی چھاپ لگا دی ہے لیکن میں نے حال ہی میں ون ڈے سیریز میں بھی بڑی اننگز کھیلیں، بدقسمتی سے دونوں میچ پاکستان ہار گیا لیکن میرا حصہ اہم رہا،میں ون ڈے کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرناچاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کیریئر کے آغاز میں بعض اننگز کے دوران ایسا لگا کہ میں اپنے لئے کھیل رہا ہوں لیکن اب میری کوشش ہوتی ہے کہ میری اننگز ٹیم کے کام آئے اور میں نے کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اظہر علی نے کہا کہ انضمام الحق میرے آئیڈیل بیٹسمین ہیں، میں خوش قسمت ہوں کہ ون ڈان پوزیشن پر مجھ سے قبل ظہیر عباس، یونس خان اور انضمام الحق جیسے بیٹسمین کھیل چکے ہیں۔ ان کی تقلید کرتے ہوئے عظیم بیٹسمینوں کی فہرست میں نام لکھوانا چاہتا ہوں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی