حکومت نے جمہوریت کے خلاف سازشوں کا ہمت سے مقابلہ کیا ، امتیاز صفدر وڑائچ
لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر وفاقی وزیر مملکت چوہدری امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت نے جمہوریت کیخلاف سازشوں کا مقابلہ جس ہمت اور حوصلے کے ساتھ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی تاہم صدر آصف علی زرداری کی مفاہمت کی سیاست کے نتیجے میں جمہوری قوتوں کے درمیان جوہم آہنگی پیدا ہوئی ہے اس کے ذریعے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے خلاف سازشوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے آئین کو آمریت کی گندگی سے صاف کر دیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کی بالادستی واپس لوٹا دی گئی ہے صدر مملکت نے اپنے اختیارات کو پارلیمنٹ کو منتقل کرکے اسے ربڑ سٹیمپ سے خود مختار بنا دیا ہے اب قومی نوعیت کے اہم فیصلے پارلیمنٹ کرتی ہے یہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی پناجب کے سیکرٹری فنانس اورنگزیب برکی، پیپلز پارٹی لیبر بیورو پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ ٹی وی شوز میں حکومت کو ناکام ثابت کرنے والے دراصل خود شکست خوردہ ہیں جنہیں عوام نے ہمیشہ مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضیاءالحق کے حواری بھی سکرین پر آکر پیپلزپارٹی کی عوامی مقبولیت کو کم کرنے کیلئے گیارہ سال ڈس انفارمیشن پھیلاتے رہے۔