سیا ستدان اقتدار کی فکر چھوڑ کر عوام ریلیف دیں‘سیاسی خواتین

سیا ستدان اقتدار کی فکر چھوڑ کر عوام ریلیف دیں‘سیاسی خواتین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) صدر آصف علی زرداری کے بیان کہ ”آئندہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بھی پیپلزپارٹی سے ہوگا“ اس پر ردعمل دیتے ہوئے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی خواتین نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں کو سیاست کی کرسی کی دھکم پیل چھوڑ کر عوام کی بحالی کیلئے اقدامات کرنے چاہیے۔ پاکستان کی عوام سیاست اور غربت کی نذر ہو رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کی خوشحالی اور بحالی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں آئندہ کا وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ صدر بھی ن لیگ کا ہوگا۔ موجودہ سیاسی جماعتیں اس وقت اس قابل نہیں ہیں کہ وہ حکومت کریں بلکہ ان کو اس وقت خود ہی دستبردار ہو کر نئی جماعت کو موقع دینا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کی زمرد یاسمین، تحریک انصاف کی سعدیہ سہیل، آل پاکستان مسلم لیگ کی صائمہ علی داد، پیپلزپارٹی کی آمنہ بٹر نے ”روزنامہ پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی جماعتوں کو آپس کے لڑائی جھگڑے چھوڑ کر عوام کی خدمت اور بحالی جیسے اقدامات کرنے چاہئے مسلم لیگ ن کی زمرد یاسمین نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے اس بیان کی ہمارے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ہے مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام کی خوشحالی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں اس لئے آئندہ کا صدر اور وزیر اعظم بھی مسلم لیگ ن کا ہوگا۔ پیپلزپارٹی کی آمنہ بٹر نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے ۔ آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی کلین سویپ کرے گی۔