مالی :وزیراعظم کے اختیارات اعلیٰ اختیاراتی کونسل کو منتقل
بماکو (اے پی پی) مالی کے عبوری صدر ڈائی اونکونڈا ٹراﺅرے نے اپنی سربراہی میں دو نائب پر مشتمل اعلیٰ اختیاراتی کونسل تشکیل دے کر وزیراعظم کے اختیارات اس کونسل کو منتقل کر دیئے۔ مالی کے ذرائع ابلاغ کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق صدر نے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ ملک کے شمالی حصے پر قابض اسلامی عسکریت پسندوں سے مذاکرات کی قیادت وہ خود کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائی کونسل آف سٹیٹ ریاستی اداروں کے ڈھانچے کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کونسل میں شامل 2 نائب صدور میں سے ایک دفاع اور سلامتی کے امور کا نگران ہو گا جبکہ دوسرا ملک کے شمالی حصے میں گزشتہ چار ماہ سے جاری بحران کے حوالہ سے مختلف غیر سیاسی عناصر کی نمائندگی کرے گا۔ واضح رہے کہ مالی کے عبوری صدر فرانس میں دو ہفتے زیر علاج رہنے کے بعد حال ہی میں وطن واپس لوٹے ہیں۔