میزان بینک کے لئے سال کے بہترین اسلامی بینک کااعزاز
کراچی (اکنامک رپورٹر)سی ایف اے ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے میزان بینک کو بہترین اسلامی بینک برائے سال 2012کے اعزاز سے نوازا گیاہے۔یہ اعزاز حال ہی میںمنعقدہ سی ایف اے کے نویں سالانہ ایکسیلنس ایوارڈ میں دیا گیا۔سی ایف اے ایسوسی ایشن بینکوں کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہنے کیلئے یہ ایوارڈدیتی ہے۔ میزان بینک کو مسلسل تیسری بار اس اعزاز سے نوازا گیاہے۔یہ اعزاز 2011ءمیں میزان بینک کی مسلسل کامیابی اور ترقی کو ظاہر کرتا ہے ۔واضح رہے کہ میزان بینک نے 2011کے منافع میںبعد از ٹیکس 106فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔ بینک کے ڈپازٹس170 ارب روپے تک پہنچ گئے اور میزان بینک اپنے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ ملک کا نوواں سب سے بڑا بینک بن گیا۔ میزان بینک نے مئی 2012میں پاکستان میں اسلامی بینکنگ کی دس سال بھی کامیابی سے مکمل کرلئے ہیں۔ میزان بینک پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑاسلامی بینک ہے ۔ بینک کئی سالوں سے ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پاکستان کے بہترین اسلامی بینک کا ایوارڈ حاصل کررہاہے۔ میزان بینک کی ملک کے 88شہروں میں 294برانچیں ہیں۔ میزان بینک کی تمام برانچز آن لائن ہیں۔اس کے علاوہ میزان بینک اپنے صارفین کیلئے 24گھنٹے بینکنگ سروسز فراہم کر رہا ہے۔ جن میں 200سے زائداے ٹی ایمز، انٹرنیٹ بینکنگ ، کال سینٹرزاور میزان ویزا ڈیبِٹ کارڈ کی سہولیات شامل ہیں۔