بلوچستان میں بغاوت تیزی سے پھیل رہی ہے‘فو ج سے ملکر مسئلہ حل کیا جائے :وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کو مشورہ
اسلام آباد (آن لائن ) وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں اس تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں بغاوت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں شریک وزراءنے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو مشورہ دیا ہے کہ بلوچستان مسئلے کا فوج سے مل کر حل تلاش کیا جائے ورنہ وہاں کے حالات بے قابو ہو جائیں گے۔ وفاقی وزراءکا کہنا تھا کہ حکومتی حامی سرداروں کو ناراض بلوچوں سے مذاکرات کا کہا جائے۔ کابینہ دستاویزات کے مطابق بلوچستان کو دیئے گئے 170 ارب روپے کہاں گئے کسی کو معلوم نہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کابینہ اجلاس کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ لاپتہ افراد کیس کے بارے میں اگر سپریم کورٹ نے حکومت کے خلاف فیصلہ دیا تو مسائل پیدا ہونگے۔ جبکہ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حالات بگڑنے پر وفاق بلوچستان حکومت کو ہدایت دے سکتا ہے۔ وزیر دفاع نے کابینہ اجلاس میں بیان دیا کہ بلوچستان میں بہت سے کھلاڑی داخل ہو چکے ہیں۔ بلوچوں کے ساتھ اچھوتوں جیسا سلوک نہیں کرنا چاہیئے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کابینہ اجلاس کو یقین دہانی کروائی کہ بلوچستان معاملے کا حل اب بہت قریب ہے