پی ٹی سی ایل نے فری وائے فائے موڈیم متعارف کرا دیا
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ( پی ٹی سی ایل) نے ایک خصوصی آفر کے تحت اپنے براڈ بینڈ سٹوڈنٹ بیسک پیکج کے ساتھ فری وائے فائے موڈیم متعارف کرا دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل نے یہ پیکج طالب علموں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کروایا ہے۔اس پیکج کے تحت صارفین 1ایم بی پی ایس انٹرنیٹ، لامحدود ڈاﺅن لوڈنگ اور فری وائے فائے صرف 1099 روپے میں حاصل کر سکتے ہیں۔ پی ٹی سی ایل براڈ بینڈ انٹرنیٹ ملک کی سب مقبول براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس ہے جو کہ 1000سے زائد شہروں اور قصبوں میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ پی ٹی سی ایل سٹوڈنٹ بنڈل پیکج کے ذریعے صارفین1 ایم بی پی ایس انٹرنیٹ اور لامحدود ڈاﺅن لوڈنگ کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ ہر اتوار کو پی ٹی سی ایل فکسڈ لائن سے کسی بھی وی فون یا پی ٹی سی ایل لینڈ لائن پر 200فری منٹس حاصل کر سکیں گے۔ صارفین ان سہولتوں سے صرف 1399روپے میں اور بغیر کسی اضافی لائن رینٹ ادا کئے مستفید ہو سکتے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ(کمرشل )نوید سعید نے اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل فاصلوں کو کم کرنے کے لئے پاکستان بھر میں سب سے معیاری ٹیلی کام سروسز مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ براڈ بینڈ پاکستان طالب علموں کیلئے خصوصی پیکجز کے ساتھ انہیں ترقی کرنے، آگاہی فراہم کرنے اور تعلیم کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا۔ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ (وائرلائن) آصف انعام نے اس بارے میںکہا کہ اپنے صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق پی ٹی سی ایل اپنی سروسز میں تبدیلی لارہا ہے ۔ اس کابراڈ بینڈ سٹوڈنٹ بنڈل بھی اسی سلسلے کی ایک منفرد پیشکش ہے ۔ جس میںہر ایک کے لئے کچھ نہ کچھ سہولت موجود ہے۔