پنجاب میں جیالا وزیر اعلیٰ لانے کا بیان !عوام انتخابات سے قبل ہی زرداری اینڈ کمپنی کا غرور خاک میں ملا دینگے :مسلم لیگ (ن)کے رہنماﺅن کا ردِعمل

پنجاب میں جیالا وزیر اعلیٰ لانے کا بیان !عوام انتخابات سے قبل ہی زرداری اینڈ ...

لاہور (جاوید اقبال) پاکستان مسلم لیگ ن نے صدر مملکت کی طرف سے آئندہ پنجاب میں جیالا وزیراعلیٰ لانے کے بیان پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری سے عوام سے کی گئیں زیادتیوں کا حساب ضرور لیں گے اور مسلم لیگ ن پر حلقہ میں ان کی ضمانت ضبط کرائے گی۔ مسلم لیگ ن کو پنجاب میں حکومت عوام نے دلائی۔ زرداری اینڈ کمپنی کا تکبر آئندہ انتخابات سے قبل ہی خاک میں ملا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف رہنماﺅں نے ”پاکستان“ موبائل فورم میں کیا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق اور سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ غرور اور تکبر اللہ کو پسند نہیں ہے اور نہ ہی صدر مملکت کے منصب پر بیٹھے شخص کو ایسے بیانات زیب دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب صدر کا غرور عوام خاک میں ملا دیں گے۔ وہ کراچی اور سندھ میں بھی شکست کھائیں گے۔ مسلم لیگ ن کو پنجاب میں حکومت زرداری اینڈ کمپنی نے نہیں اللہ نے دی ہے اور عوام نے شہباز شریف کو وزیراعلیٰ بنایا۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آصف علی زرداری اپنی نہیں کسی اور کی زبان بول رہے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں عوام کسی مجرم کو ووٹ نہیں دیں گے۔ خود کو بھٹوکا بیٹا کہنے والا زرداری بتائے کہ بھٹو کے حقیقی بیٹے اور بیٹی کو قتل کس نے کرایا؟ آج نہیں تو کل ان سے جیالے حساب ضرور لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آئندہ بھی پنجاب کے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ آصف علی زرداری ملک کے صدر ہیں وہ پیپلز پارٹی کے جیالے نہ بنیں۔ بھٹو کے بیٹے ہونے کے دعویدار آصف زرداری نے بھٹو کی پارٹی ہی ختم کردی۔ مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور پرویز ملک آصف علی زرداری نے بار بار قانون کو پامال کیا۔ عدالتوں کی توہین کی عوام کو لوڈ شیڈنگ، بدامنی،بھوک کا بحران دیا جس عوام کو انہوں نے زندہ درگور کررکھاہے، صرف انہیں عیاشیوں کے لئے عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے بلکہ ان کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے۔ اراکین پنجاب اسمبلی حاجی اللہ رکھا اور رانا محمد ارشد نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اینڈ کمپنی نے پنجاب میں مسلم لیگ ن کی منتخب حکومت توڑ کر گورنر راج قائم کردیا۔ کئی مرتبہ پنجاب کے اندر ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کرناچاہا مگر پنجاب کے غیرت مند اراکین اسمبلی نے پنجاب میں زرداری کا جمعہ بازار لگانے کی چال ناکام بنادی۔ آئندہ بھی زرداری اینڈکمپنی پورے ملک میں ناکام رہے گی۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اللہ نے پہلے مسلم لیگ ن کو اقتدار پنجاب میں دیا، اب پورے ملک میں دے گا۔ زرداری جس نے تبدیلی ک نام پر ووٹ لے کر عوام کو دھوکہ دیا، اسے کسی جگہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ پنجاب حکومت کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک جیالا ہے اور اب وہ ایک نجومی بھی بن کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے پورے ملک کوجیالوں کے حوالے کرنے کااعلان کردیا ہے۔ ہم ان کا ہر محاذ پر عوام کی مدد سے مقابلہ کریں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...