عدالت نے ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے سمیت 9ملزموں کو اشتہاری قرار دیدیا

عدالت نے ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے سمیت 9ملزموں کو اشتہاری قرار دیدیا

راولپنڈی (ثناءنیوز ) راولپنڈی کی انسداد بدعنوانی عدالت نے اراضی قبضہ کیس میں بحریہ ٹاﺅن کے سابق سربراہ ملک ریاض ان کے صاحبزادے علی ریاض سمیت 9 ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ملک ریاض سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات عدالت نے جاری کر رکھے تھے تاہم ان کو عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے تمام ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ ملک ریاض اور ان کے بیٹے پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف لوگوں سے 1401 کنال اراضی لی تھی اور اسے غلط طریقے سے اپنے نام کروا لیا تھا جس کے بعد تحقیقات کی گئیں اور معاملہ ان کے خلاف ثابت ہو گیا جس کے انسداد بدعنوانی کی عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ جس پر ملک ریاض اور دیگر ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے رجوع کیا جہاں عدالت عالیہ نے انسداد بد عنوانی عدالت سے رجوع کر نے کی ہدایت کی تھی لیکن وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ملک ریاض اور دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر نے کا حکم دیا ہے ۔

مزید : صفحہ اول