زرداری صاحب دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں پنجاب تو کیا پاکستان سے زرداری لیگ کا صفایا ہوجائے گا‘چودھری نثار

زرداری صاحب دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں پنجاب تو کیا پاکستان سے زرداری لیگ کا ...

اسلام آباد(اے پی اے+این این آئی )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ یہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ اس حکومت کی کارکردگی کے ستائے عوام دن رات کے سکھ چین سے محروم ہو کر سڑکوں پر ہیں جبکہ زرداری صاحب آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کے ڈھول بجا رہے ہیں‘ لگتا ہے کہ زرداری صاحب کسی اور پاکستان میں رہتے ہیں‘ اصل پاکستان کے عوام تو زرداری اور ان کی حکومت کے جانے کےلئے ہر وقت ہاتھ اٹھا اٹھا کر دعائیں مانگ رہے ہیں‘ اس سے بڑا سانحہ اور کیا ہو گا کہ ملک کا صدر اپنے ملک کے زمینی حقائق سے مکمل بے خبر اور لاتعلق ہے زرداری صاحب دن میںخواب دیکھنا چھوڑدیں‘ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا جیتنا تو دور کی بات آئندہ الیکشن میں پورے پاکستان سے زرداری لیگ کا صفایا ہوگا‘۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں قائد حزب اختلاف کے چیمبر سے جاری کئے گئے میں قائد حزب اختلاف نے کہاکہ زرداری صاحب اور ان کی پارٹی کی گزشتہ ساڑھے چار سال کی حکمرانی کی نااہلی ‘ بدعنوانی ‘ دروغ گوئی اور عوام کے معاملات سے لاتعلقی‘ آج پیپلز پارٹی کو اس مقام پر لے آئی ہے کہ آئندہ الیکشن میں ملک کے عوام ان کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میاں شہباز شریف کو وزیراعلیٰ‘ زرداری صاحب نے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے کرم اور اس کے بعد پنجاب کے عوام نے بنایا ہے۔ زرداری صاحب نے تو پنجاب میں گورنر رول لگا کر ان سے یہ مقام چھیننا چاہا اور اس کے بعد جو کچھ ہوا اور جس انداز سے زرداری صاحب اور ان کے حواریوں کی ہر مقام پر پسپائی ہوئی وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ مگر اتنے اونچے دعوے کرنے سے پہلے زرداری صاحب اس تاریخ پر تو نظر ڈالیں لیں یہ کوئی زیادہ پرانی نہیں ہے اور حقائق کو اس طرح دن کے اجالے میں مسخ نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب اور ان کی پارٹی کی مکمل ناکامی کے باوجود اقتدار پرمسلط رہنے کی ضد نے‘ پاکستان کو خدانخواسہ تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت اس وقت پاکستانی عوام کیلئے ایک عذاب سے کم نہیں۔ ان کی بدترین کارکردی نے جہاں ایک طرف ذوالفقار علی بھٹو کی ایک عوامی پارٹی کو سیاسی طور پر زمین بوس کر دیا ہے۔ تو وہاں دوسری طرف جمہوریت کیلئے بھی ایک بہت بڑی بدنامی کا باعث بنے ہیں۔ چودھری نثار نے کہاکہ عوامی حمایت کے دعوے کھوکھلے اور بے سروپابیانات سے نہیں بلکہ کارکردگی سے ثابت ہوتے ہیں اور گزشتہ ساڑھے چار سال کی حکمرانی سے کم ازکم ایک ریکارڈ زرداری حکومت نے ضرور قائم کیا ہے اور وہ پچھلے65 سال میں پاکستان کی نااہل اور بدعنوان ترین حکومت ثابت ہوئی ہے اور اس کا سارا سہرا آصف علی زرداری کے سر ہے کہ انہوں نے اپنا منشور جس پر وہ روز اول سے ہی چل رہے تھے۔ اسے عملی جامہ پہنایا ہے۔

مزید : صفحہ آخر