سمندر سے مزید 2 لاشیں بر آمد ،تعداد 25ہو گئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سی ویو کے قریب سمند ر سے2 اور لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد سمندر سے ملنے والی لاشوں کی 25ہو گئی ہے۔سی ویو پر گزشتہ روز سمندری لہر آنے سے ڈوبنے والوں کی لاشیں تلاش کرنے کے ریسکیو اداروں کا آپریشن جاری ہے اور پاک بحریہ کے2ہیلی کاپٹرز بھی اس آپریشن میں شریک ہیں ۔ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ سمندر میں ڈوبنے والوں میں سے مزید دو افراد کی لاشیں بر آمد کر لی گئی ہیں جس کےبعد 25افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے،بر آمد ہونے والی لاشوں میں سے ایک کی شناخت زرمین شاہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسری لاش کی شناخت کے لئے کوشش کی جا رہی ہے۔سی ویو کے قریب اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے ڈوبنے کے سانحے سے علاقے میں سوگ کی کیفیت طاری ہے اور مرنے والوں کی لاشیں ان کے گھروں میں پہنچنے پر کہرام برپا ہے۔دوسری جانب کراچی کے شہریوں نے حکومت اور سرکاری اداروں کو ان تمام افراد کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے،میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی غفلت ان تمام افراد کی ہلاکت کا سبب بنی ہے۔