بھارت میں 67علیحدگی پسند تحریکیں متحرک ہیں،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور (خبر نگا رخصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارت میں 67علیحدگی پسند تحریکیں متحرک ہیں اس لئے بھارت کا ٹوٹنا اور بکھرنا نوشتہ ء دیوار ہے۔ اسلام آباد میں اسلام آئے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ حکومت عوام دشمن پالیسیاں چھوڑ کر عوام دوست پالیسیاں اختیار کرے۔ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات کسی صورت قبول نہیں ہوسکتے۔ نواز شریف کی سیاسی تربیت آمریت کی گود میں ہو ئی ہے اس لئے وہ غیر جمہوری اور بادشاہانہ سوچ کے مالک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف اہلسنّت رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سندھ حکومت پولیس کو اس قابل بنائے کہ رینجرز کی ضرورت ہی نہ رہے۔ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کر نا ہوگا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی ناگزیر ہو چکی ہے۔ اسلام میں غیرت کے نام پر قتل کا کو ئی تصور نہیں ہے۔ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے ۔ برہان وانی کی شہادت نے بھارت کے چہرے سے سیکولر ازم کا نقاب نوچ لیا ہے۔