وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر پر27کروڑ 52لاکھ لگانا افسوسناک ہے،فرخ مون
لاہور(پ ر) تحریک انصاف لاہورکے سابق سیکریٹری اطلاعات فرخ جاوید مون نے کہا ہے کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایک طرف صوبہ پنجاب 560 ارب کا مقروض ہے اورہسپتالوں میں ادویات اورغریب عوام کیلئے ڈسپرین نہیں ان حالات میں وزیراعلی پنجاب کے ہیلی کاپٹرکی مرمت پر27 کروڑ52 لاکھ خرچ ہوں گے جبکہ ہسپتالوں میں کئی ماہ سے سی ٹی اسکین مشینیں خراب پڑی ہے اورلاہورمیں 30 منٹ کی بارش کے بعدگلیاں وینس کا منظرپیش کررہی ہیں اورلٹکتی تاروں سے غریبوں کے بچے کرنٹ لگنے سے مررہے ہیں ،بجلی کے نظام کی درستگی ،پینے کے صاف پانی اورسی ٹی اسکین مشینوں کی مرمت کیلئے پنجاب حکومت کے پاس فنڈزنہیں ہیں ایسے میں بادشاہ سلامت کے ہیلی کاپٹرکی مرمت پرکروڑوں روپے کے اخراجات کرنا مقروض صوبے اورمہنگائی کی چکی میں پسنے والی غریب عوام کیساتھ ظلم اورزیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خادم اعلٰی اپنے ہیلی کاپٹرپرکروڑوں خرچ کرنے کی بجائے کبھی زمین پربھی سفرکرکے دیکھیں توانہیں غریب ،مزدور،کسان ، بے روزگاروں کے مسائل اورہسپتالوں کی حالت کابھی پتا چلے ۔