کینگروز سری لنکن سلوپوائزن کے آگے ڈھیر ،آسٹریلیا کو 106رنز سے شکست

کینگروز سری لنکن سلوپوائزن کے آگے ڈھیر ،آسٹریلیا کو 106رنز سے شکست

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پالی کیلے (سپورٹس ڈیسک) سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 106 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، آسٹریلوی ٹیم 268 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 161 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سٹیون سمتھ 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، رنگنا ہیراتھ نے پانچ اور لکشن سینڈاکان نے تین وکٹیں حاصل کیں، کوسال مینڈس کو 176 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلیا نے 268 رنز کے تعاقب 83 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو سٹیون سمتھ 26 اور ایڈم ووجز 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، ایڈم ووجز گزشتہ روز کے سکور میں صرف تین رنز کا اضافہ کر سکے اور 12 رنز بناکر رنگنا ہیراتھ کا نشانہ بن گئے۔ سٹیون سمتھ اور مچل مارش نے پانچویں وکٹ میں 43 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 139 تک پہنچا دیا، مچل مارش آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بناکر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اپنے اگلے ہی اوور میں رنگنا ہیراتھ نے سٹیون سمتھ کو ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، سمتھ 55 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، مچل سٹارک صفر، نیتھن لائن 8 ، پیٹر نیول 9 اور سٹیو اوکیف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ رنگنا ہیراتھ نے پانچ اور لکشن سینڈاکان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔