کانگو وائرس کے تدارک کیلئے بھر پور مہم شروع کر دی، ڈی سی او بہاولپور

کانگو وائرس کے تدارک کیلئے بھر پور مہم شروع کر دی، ڈی سی او بہاولپور

بہاولپور(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا ہے کہ ضلع بہاول پور میں کانگو وائرس سے ہونے والے بخار کے سد باب کے لئے بھرپور مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک ڈیری ڈویلپمنٹ کی 150موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو فیلڈ میں جا کر جانوروں کو کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔ نیز جانوروں میں چیچڑوں کو ختم کرنے کے لیے ان کی ٹریٹمنٹ کریں گی۔وہ اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عمران اجمل، ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر رب نواز کوثر، محکمہ لائیو سٹاک کے افسران موجود تھے۔ ڈی سی او نے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ کانگو وائرس کے خاتمہ اور لوگوں کو اس کے نقصانات سے بچانے کے لیے لائیو سٹاک کے افسران و سٹاف جذبہ حب الوطنی سے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے انٹری پوائنٹس پر لائیو سٹاک کے ڈاکٹر اور سٹاف پر مشتمل ٹیمیں مامور کی جائیں تاکہ آنے والے جانوروں کو موقع پر ہی حفاظتی ٹیکہ جات اور دیگر ضروری عوامل انجام دئیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جانوروں کے فارم پر بھی جانوروں کو ٹریٹمنٹ کی جائے ۔ انہوں نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ لائیو سٹاک کو کانگو وائرس کے خاتمہ کے لیے فعال اور متحرک ہونے کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی موبائل گاڑیاں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے فیلڈ میں اپنی خدمات سرانجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک محکمہ کے پاس کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ ، ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہوں۔ علاوہ ازیں ہنگامی صورت حال کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک ادویات کم ہونے کی صورت میں براہ راست بھی خرید سکتا ہے۔ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر رب نواز کوثر نے بتایا کہ ضلع بھر میں جانوروں میں کانگو وائرس کے خاتمہ کے لیے عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں اور گزشتہ شام640جانوروں کو حفاظتی ٹیکہ جات اور جانوروں کے چیچڑوں کے تدارک کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لائیو سٹاک کے افسران و عملہ کو فیلڈ میں متحرک کردیا گیا ہے۔

ڈی سی او

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...