90 فیصد سٹوڈنٹس فیل ہونے پر طلبہ کا احتجاج ، ایڈمن آفیسر نے کلاشنکوف تان لی، گولی لگنے سے ایک طالبعلم زخمی
ایبٹ آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان انٹرنیشنل پبلک سکول کے فرسٹ ایئر کے طلبہ نے 90 فیصد سٹوڈنٹس کے فیل ہونے پر شدید احتجاج کیا جس پر ایڈمن آفیسر بگڑ گیااور طلبہ پر کلاشنکوف تان لی جبکہ طلبہ پر فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبعلم زخمی ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل پبلک سکول کے طلبہ احتجاج کر رہے ہیں کہ اسی دوران ایڈمن آفیسر کلاشنکوف کے ساتھ نمودار ہوتا ہے اور طلبہ پر تان لیتا ہے۔ ایک کمرے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں جس کے نتیجے میں ایک طالبعلم زخمی بھی ہوا ہے۔
طلبہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں انتہائی نا اہل سٹاف فراہم کیا گیا ہے جبکہ سکول کا پرنسپل سارا دن گرلز کیمپس میں پڑا رہتا ہے۔ طلبہ نے کہا کہ ہر سال گرلز کیمپس کی 2 سے تین پوزیشنز آتی ہیں جبکہ طلبہ کے کیمپس پر کوئی توجہ نہیں ہے اور یہاں ہر سال کی طرح اس سال بھی 90 فیصد طلبہ فیل ہوگئے۔ طلبہ نے کہا کہ گرلز کیمپس میں ہم ایم ڈی کے دفتر احتجاج کرنے گئے تو ایڈمن آفیسر نے کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے ہمارے ایک ساتھی کو زخمی کردیا، ہمیں انصاف دلایا جائے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں سارا معاملہ آچکا ہے اور اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ، جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف پوری کارروائی کی جائے گی۔