ایف پی سی سی آئی ایوارڈز پنجاب کی تقریب 7اگست کو گورنر ہاؤس میں ہو گی

  ایف پی سی سی آئی ایوارڈز پنجاب کی تقریب 7اگست کو گورنر ہاؤس میں ہو گی

لاہور(لیڈی رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین عبدالرؤف مختار نے کہاہے کہ دوسرا ایف پی سی سی آئی اعلیٰ کارکردگی ایوارڈز پنجاب کی خصوصی تقریب سات اگست کو گورنر ہاؤس لاہورمیں منعقد ہو گی۔ایورڈزمیرٹ کی بنیاد پر پنجاب کی25اعلی کارکردگی دکھانے والی اور ریکارڈ ایکسپورٹ کرنے والی کمپنیوں کو دئیے جائے گئے۔ایوارڈز کے انعقاد کابنیادی مقصد اعلی کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں اور معروف برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ عبدالرؤف نے مزید کہاکہ بزنس کمیونٹی اقتصادی ترقی کی زندگی کی لکیر ہے۔پنجاب کی کاروباری برادری کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی نے دوسری بار پنجاب کی بنیاد پر اعلی کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے لیے اعلی ٰ کارکردگی ایوارڈز منعقد کیا ہے۔اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پنجاب میں 48ہزار سے زائد صنعتی یونٹس ملک کی اقتصادی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ تقریباََ40ہزار سے زائدچھوٹے اور کاٹیج صنعتیں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ملک پاکستان اور اس کے عوام کے مفادات کیلئے آگے بڑھتے ہوئے قابل عمل منصوبوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے وسائل کے بہتر استعمال کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں کو قابل عمل منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ مختلف شعبوں میں مردوں اور خواتین کیلئے نئی ملازمتوں کی تخلیق ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر پاکستان کا اثاثہ ہے جس نے خود کو مشکل حالات میں بھی مستحکم رکھا ہے۔ نجی شعبہ ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے لہذا حکومت بھی نجی شعبے کے معیشت میں اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کرے۔

 ہم سب کو اپنے شعبہ جات میں مل کر کام کرتے ہوئے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔ انہوں مزیدنے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم بنیادوں پر قائم ہے، ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر پاکستان عالمی سطح پر متنوع مواقع فراہم کرتا ہے اور یہاں بہترین مالیاتی اور لیگل سسٹم موجود ہے، یہاں کاروباری آسانیوں کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور ہو رہی ہیں جس سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اور توانائی کی قلت کے چیلنجوں پر پہلے سے ہی قابو پایا جا چکا ہے  جس سے معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے اور بین الاقوامی معاشی اداروں کے تمام اشاریے مثبت ہیں۔

مزید : کامرس


loading...