کیمروں کا بیک اپ ریکارڈایک ہفتے تک محفوظ رکھا جائے،آئی جی پنجاب

کیمروں کا بیک اپ ریکارڈایک ہفتے تک محفوظ رکھا جائے،آئی جی پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ سے میں صوبے کے مختلف اضلاع اور تھانوں کے اچانک دورے کروں گااور جہاں ایس او پیزکی خلاف ورزی نظر آئی وہاں ڈی پی او براہ راست جواب دہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایچ اوز کے کمروں اور حوالات میں لگائے گئے کیمروں کی مانیٹرنگ کا بیک اپ ریکارڈ/ڈیٹا کم از کم ایک ہفتے تک محفوظ رکھا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں ویڈیو ریکارڈنگ بطور شہادت پیش کی جاسکے اور واقعہ کی شفاف انکوائری کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی تھانے میں غیر قانونی حراست میں کوئی شہری پایا گیا پولیس حراست سے ملزم کی فرار اور تشدد کی صورت میں سرکل افسر اور ایس ایچ او کے خلاف فوری سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ پولیس حراست میں تشدد سے ہلاکت پر ڈی پی او کو براہ راست ذمہ دار سمجھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں یوم شہدائے پولیس،عیدالاضحی کے سیکیورٹی پلان اور پولیس اسٹیشنز ریفارمز سے متعلقہ ویڈیولنک کانفرنس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
کانفرنس میں صوبے کے تمام آرپی اوزاور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔کانفرنس کے دوران آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تھانوں کے حالات کار کو بہتر سے بہتر بنانا میر ی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا تمام افسران اپنے زیر انتظام تھانوں کی ورکنگ کواپ گریڈ کرنے کیلئے ذاتی دلچسپی سے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں کیونکہ تھانوں میں مزید بہتربنائے بغیر مطلوبہ نتائج کا بروقت حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشنز اور انویسٹی گیشن دونوں شعبوں میں متعین افسران واہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ریفریشر کورسز کو جلد مکمل کیا جائے جبکہ اہلکاروں کوپبلک ڈیلنگ اور سٹریس مینجمنٹ کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے تاکہ وہ زیادہ بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران اپنے دفتروں کے دروازے شہریوں سے ملاقات اور عوامی شکایات سننے کیلئے کھلے رکھیں جبکہ اختیارات سے تجاوز سمیت شہریوں کے ساتھ غیر مہذب رویہ روا رکھنے والے افسران و اہلکاروں کو مثالی سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملات میں بہتری کیلئے سینئر افسران تھانوں کے سرپرائز وزٹس میں مزید تیزی لائیں اور ایس او پیز کے خلاف ورزی کی صورت اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں کی صفائی ستھرائی اور ریکارڈ کی تکمیل سمیت دیگر پراجیکٹس کو یکم ستمبر سے قبل مکمل کرکے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کیپٹن (ر) احمد لطیف، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، چوہدری منظور، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس راؤ سردار، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ غلام رسول زاہد، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سید خرم علی، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی احسن یونس، ڈی آئی جی لاجسٹکس رائے بابر سعید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید :

علاقائی -