دہشتگردی کا اسلام سے تعلق نہیں، ریاست مدنیہ کا وژن پورا کریں گے،چوہدری سرور

  دہشتگردی کا اسلام سے تعلق نہیں، ریاست مدنیہ کا وژن پورا کریں گے،چوہدری سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر
،فلم رپورٹر)گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یورپ سے اسلامو فوبیا سے باہر نکلنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دنیا پاکستان کو جتنی اہمیت آج دے رہی ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی کامیاب پالیسوں کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہو رہا ہے،پوری دنیا کو یہ پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکر ی قیادت ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کیلئے ایک پیج پر ہے،ہم انشاء اللہ پاکستان میں ریاست مدنیہ کا ویژن پورا کریں گے،دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ہمیں اجتماعی کوششوں کے ساتھ ساتھ انفرادی طور پر بھی کوشش کر نا ہوگی‘دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سب افواج پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔ وہ گزشتہ روز گور نر ہاؤس لاہور میں تشدد،انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف بنیادی قومی بیانہ ”پیغام پاکستان“کی تعارفی تقر یب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری،صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ چیئر مین اسلامی نظر یاتی کونسل پروفیسر قبلہ ایاز،مر کزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر،پاکستان علماء کونسل کے چیئر مین طاہر محمود اشرفی،وفاق المدار س کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زائی،ڈاکٹر محمد ضیاء الحق،شیعہ مدارس کے چیئر مین علامہ ریاض نجفی سمیت مختلف مذہبی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوجی جوانوں سمیت70ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت اس ملک کے اہم مسائل ہیں جن کو ختم کر نا بے حد ضروری ہے اس سلسلے میں 5ہزار سے زائد علماء کا متفقہ فتویٰ ”پیغام پاکستان“بہتر ین حل ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ دین اور ریاست کو کسی صورت ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا ہم کسی کو بھی ریاست کو کمزور کر نے کی اجازت نہیں دیں گے۔چیئر مین اسلامی نظر یاتی کونسل پروفیسر قبلہ ایاز نے کہا کہ دہشتگردی ملک وقوم کی تر قی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور آج بھی افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے۔مر کزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے اپنے خطاب میں کہا کہ افواج پاکستان سمیت سیکورٹی اداروں کی قر بانیوں کی وجہ سے آج پاکستان میں دہشت گردی کم ہو چکی ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئر مین طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی اور انتہائی پسندی کے خاتمے کیلئے پیغام پاکستان کو ملک کے کونے کونے تک لے کر جانا ہے اور کسی کوکفر کے فتوے لگا کرملک کا امن امان تباہ کر نے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاق المدار س کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ خود کش حملے حرام ہیں اور جو لوگ بھی ایسی دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ گورنر پنجاب سے چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کر کے مجموعی سیاسی صورتحال، قانون سازی اورصاف پانی منصوبے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
چوہدری سرور

مزید :

صفحہ اول -