مکسڈ مارشل آرٹس کا گرینڈ ایونٹ 3 اگست کواسلام آباد میں ہوگا

مکسڈ مارشل آرٹس کا گرینڈ ایونٹ 3 اگست کواسلام آباد میں ہوگا

لاہور(اے پی پی) پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی نے کرکٹ کے بعد دیگر کھیلوں کے فروغ کا بیڑہ بھی اٹھا لیا۔ پشاور زلمی اور سیرے فائٹ نائٹ کے اشتراک سے مکسڈ مارشل آرٹس کا بڑا مقابلہ 3 اگست کو عامر خان باکسنگ ہال اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ مقابلے زلمی ٹی وی پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ سیرے فائٹ نائٹ میں پاکستان بھر سے ٹاپ فائٹرز ان ایکشن ہوں گے۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ کیلئے پشاور زلمی نے سیرے فائٹ نائٹس کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی ہے۔ پاکستان میں پی ایس ایل فائیو کے انعقاد سے قبل زلمی پورے پاکستان میں سپورٹس ایونٹس کا انعقاد اور کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔ یہ ایونٹ پاکستانی فائٹرز کیلئے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ چیئرمین سیرے فائٹ نائٹس سعد خان نے کہا کہ پشاور زلمی برانڈ سے اشتراک کے بعد ہمیں پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ اور نوجوان فائٹرز کو اپنی پہچان بنانے میں مدد ملے گی۔ اس ایونٹ اور پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کو فروغ دینے پر وہ پشاور زلمی اور جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سیرے فائٹ نائٹس کے سی ای او عمر طور نے کہا کہ ان مقابلوں میں دو خواتین فائٹرز سمیت 26 فائٹرز ان ایکشن ہوں گے۔ زلمی سپر سٹارز کامران اکمل اور آندرے فلیچر بھی ایونٹ کے انعقاد پر پرجوش ہیں اور کہا کہ اس ایونٹ سے مکس مارشل آرٹ کے کھیل کو پاکستان میں فروغ حاصل ہوگا۔ 3 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے اس گرینڈ ایونٹ کی مزید تفصیلات کیلئے پریس کانفرنس 2 اگست کو مارگلہ ہوٹلز میں منعقد ہوگی جس کے بعد 3 اگست کو عامر خان باکسنگ ہال میں سنسنی خیز مقابلے منعقدہوں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...