بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ،پاکستان کا ایل او سی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ روزجوڑا،لیپا،شاہ کوٹ،شاردہ سیکٹرپرشہری آبادی پربلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شہری شہید اور 9 افراد زخمی ہو گئے تھے،پاکستان نے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پھر دفتر خارجہ طلب کرلیا،طلبی ڈی جی ساﺅتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی،پاکستان نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پرشدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور احتجاج مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو تھما دیا،پاکستان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج مسلسل ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے ،بھارت 2 سال میں 1970 بار ایل او سی پرجنگ بندی کی خلاف وزری کر چکا ہے۔