سعودی عرب کی نہایت اہم ترین شخصیت اچانک پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ترکی عبداللہ الشبانہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی موجود ہے ، سعودی وزیر آج پاکستان میں اہم ترین شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور پاکستانی حکام نے نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال کیا۔ سعودی سفیر نے اپنی رہائش گاہ پر مہمان وزیر اطلاعات کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔ اس موقع پر سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدر، سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور سینیٹر حافظ عبدالکریم بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر اطلاعات ترکی عبداللہ الشبانہ نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات سے خطے میں امن کو استحکام ملے گا۔ خطے میں امن اور سلامتی کا ماحول مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایرانی جوہری پروگرام کے معاملہ پر امن بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔