پی سی بی اس مرتبہ 33 کے بجائے کتنے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے پر غور کر رہا ہے؟ ایسی خبر آ گئی کہ قومی کرکٹرز بے حد پریشان ہو جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹرز کو سال 20-2019ءکیلئے سالانہ سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے حوالے سے پی سی بی کے بڑے جمعرات کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور ذرائع کے مطابق شعیب ملک اور محمد حفیظ سمیت 4 سے 5معروف کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے ڈراپ کیاجاسکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2018ءاور 19 کیلئے 33 کھلاڑی اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹگری میں ماہانہ تنخواہ لیتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس تنخواہ پانے والے بہت ایسے کھلاڑی بھی تھے جو ٹیم کی بہت کم نمائندگی کر پائے یا بالکل ہی نہیں کھیلے جس کے باعث پی سی بی نے اب اس تعداد کو کم کرکے 15 سے 20 کے درمیان محدود کرنے کا فیصلہ کیاہے، اجلاس میں اس بات کا تعین بھی کیا جائے گا کہ کتنے اور کن کھلاڑیوں کو اس لسٹ میں شامل کیاجائے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور میچ فیس میں 20 فیصد اضافہ کرنے پر اتفاق ہوچکا ہے، صرف ٹیسٹ ٹیم میں ملک کی نمائندگی کرنے والوں کی میچ فیس میں زیادہ اضافے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ایم ڈی وسیم خان کی سرابرہی میں مدثر نذر، ہارون رشید اور ذاکر خان کے ساتھ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی مجوزہ کھلاڑیوں کی فہرست پر مشاورت کریں گے۔