سعودی عرب میں اس سال حاجیوں کو ائیرپورٹ پر زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا، لیکن کیوں؟ جدید ترین ٹیکنالوجی کے بارے میں جانئے
جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ہر سال لاکھوں عازمین حج حجاز مقدس پہنچتے ہیں جس سے جدہ اور مدینہ منورہ کے ایئرپورٹس پر رش بہت زیادہ ہو جاتا ہے۔ تاہم اس سال سعودی حکومت نے جدید ایئرپورٹ ٹیکنالوجی کی تنصیب کر دی ہے جس کے باعث دونوں شہروں کے ایئرپورٹس پر عازمین کی بھیڑ بہت کم ہو گئی ہے۔ جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ٹیکنیکل سالوشنز نصب کیے گئے ہیں۔ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے دونوں ایئرپورٹس کے ٹرمینل ہال کے راستوں کوایک دوسرے میں ضم کرتے ہوئے انہیں ایک ہی سمت دے دی ہے تاکہ عازمین کی بھیڑ نہ ہونے پائے۔
دونوں ایئرپورٹس پر آپریشنل سسٹمز، خاص طور پر حج پروازوں کی شیڈولنگ بھی وزارت حج اورایئرپورٹس کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کر رہی ہے تاکہ رش سے بچا جا سکے۔ پاسپورٹ کنٹرولز اور بیگیج ری کلیم ہالز کو بھی سٹریم لائن کر دیا گیا ہے اور دونوں ایئرپورٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ اور پارکنگ کی گنجائش بھی بڑھا دی گئی ہے۔ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 24سیلف سروس چیک ان پلیٹ فارمز، 6ٹریول ویریفکیشن پلیٹ فارمز اور10سیلف بورڈنگ گیٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ سپیشل افراد کے لیے مختص ایریا بھی بڑھا دیا گیا ہے۔