یہ ماڈل ہے یا فیشن سمبل؟ کراچی کے ٹریفک پولیس اہلکار کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی پولیس کا جب بھی تذکرہ آتا ہے تو لوگوں کے ذہن میں ایک خوفناک سی تصویر ابھر آتی ہے لیکن کراچی کے ٹریفک پولیس اہلکار نے اس تاثر کو اپنی فیشن سینس کے باعث زائل کردیا ہے۔
وقار علی نامی ٹریفک پولیس کا یہ کانسٹیبل ذرا سٹائل کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کا قائل ہے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں جب اس سجیلے نوجوان کو راہ چلتے لوگ دیکھتے ہیں تو ٹریفک کی روانی خود بخود آہستہ ہوجاتی ہے۔
فیشن ایبل داڑھی، سٹائلش ہیر کٹنگ ، ہاتھوں میں گھڑی اور خوبصورت وردی کے ساتھ وقار علی ٹریفک پولیس اہلکار سے زیادہ ایک ماڈل لگتے ہیں اور انہیں دیکھ کر یہ گمان ہوتا ہے کہ شاید کسی فلم یا ڈرامے کی شوٹنگ کی جارہی ہے۔
وقار علی گزشتہ برس مئی میں اس وقت میڈیا کی نظروں میں آئے تھے جب انہوں نے ایک گاڑی کی ٹکر سے شارع فیصل پر ہلاک ہونے والی بلی کو سڑک سے ہٹایا تھا۔ انہیں اس کارنامے پر اس وقت کے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔