پارلیمنٹ سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق دو اہم بلوں کی منظوری حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے:فیاض الحسن چوہان

پارلیمنٹ سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق دو اہم بلوں کی منظوری حکومت کا تاریخی ...
پارلیمنٹ سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق دو اہم بلوں کی منظوری حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے:فیاض الحسن چوہان

  

راولپنڈی (آئی این پی)پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق دو اہم بلوں کی منظوری پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے، پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی چیخ و پکار ہڑھ بونگ اور ہنگامہ آرائی کے باوجود اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل ایکٹ 1948 ترمیمی بل اور انسداد دہشت گردی سے ایکٹ 1997 سے متعلقہ ترمیمی بل کی منظوری وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ملک و قوم سے کمٹمنٹ اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دونوں بلوں کا بنیادی مقصد ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے شرائط کو پورا کرنا تھا۔اقوامِ متحدہ سکیورٹی کونسل (ترمیمی) ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت متعلقہ اتھارٹیز کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دہشتگردوں کی مالی امداد میں ملوث افراد اور اداروں کے اثاثہ جات منجمند و ضبط کرنا، سفری پابندیاں اور ہتھیاروں کی روک سے متعلق احکامات جاری کر سکے گیااور اقوام متحدہ کی قراردار نمبر 1373 کے مطابق تمام ممبر ممالک پر دہشت گردوں کی مالی امداد کو روکنے سے متعلق مقامی قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت یہ ذمہ داری پوری کر رہا ہے،پاکستان انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس اور ایف اے ٹی ایف کی شرائط اور فیصلہ جات پر عملدرآمد کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور اس قانون سازی کے ذریعے ہمیں ایف اے ٹی ایف کی ڈیڈ لائن پر پورا اترنے میں مدد ملے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن کا واویلا اس امر کا غماز ہے کہ ان کی ہمدردیاں پاکستان کے عوام اوراس مملکت خداداد کے ساتھ نہیں بلکہ ملک دشمنوں اور دہشتگردوں کے ساتھ ہیں جو کبھی بھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں رہے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے لازوال قربانیاں دے کر پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی اور وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مقاصد انشاء اللہ جلد حاصل ہونگے وزیر اطلاعات پنجاب نے اپوزیشن کے منفی رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے امور اور عوام کے جان ومال کے تحفظ سے متعلق قانون سازی کے موقع پر اپوزیشن کا غیر سنجیدہ اور غیر جمہوری طرز عمل ملک و عوام دشمنی کے مترادف ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -