لاک ڈاؤن ختم،گرفتار تاجروں کو فوری رہا کیا جائے،جاوید قصوری
لاہور(نمائندہ خصوصی)حکومت پنجاب کی جانب سے5اگست تک جبری لاک ڈاؤن کے ذریعے کاروبار بند کر کے معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے۔حکومت کی جانب سے پنجاب میں 5اگست تک حکومتی جبری لاک ڈاؤن کو ختم کرکے مارکیٹوں کو فوری کھولا جائے اور گرفتار تاجررہا کئے جائیں۔ تاجر ملکی ترقی اور معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاجروں، صنعتکاروں اور دیگر شعبہ جات کے افراد نے ہمیشہ حکومت سے تعاون کیا ہے لیکن اب چونکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے تمام نظام زندگی اور کاروباروں کو متاثر کیا ہے اسلئے حکومت کاروباری افراد کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے انہیں بھرپور ریلیف دے ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاویدقصوری نے حکومت پنجاب کی جانب سے جبری لاک ڈاؤن اور تاجروں پر تشد د کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ذکرا للہ مجاہد، خالد عثمان،ظفر احمد کمال،عبد الودود علوی،محمد فاروق چوہان اور عمران الحق بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس نے کبھی ٹیکسز دینے سے انکار نہیں کیا لیکن اس وقت کاروباروں کی پوزیشن ایسی نہیں کہ ٹیکس ادا کئے جاسکیں۔