الخدمت نے قربانی فی سبیل اللہ انتظامات کو حتمی شکل دے دی،عامر محمو چیمہ

  الخدمت نے قربانی فی سبیل اللہ انتظامات کو حتمی شکل دے دی،عامر محمو چیمہ

  

لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت ملک گیر قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ کے حوالے سے مرکزی دفتر میں اجلاس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکورنے کی۔سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص،نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ،سیکرٹری جنرل شاہد اقبال،نیشنل ڈائریکٹر سماجی خدمات پروگرام عامر محمود چیمہ سمیت دیگر ذمہ دارا ن نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

عامر محمود چیمہ نے بتایا کہ ملک گیر قربانی فی سبیل اللہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جانوروں کی خریداری کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو اپنا کام مکمل کرچکی ہیں۔قربانی کے گوشت کی تقسیم،چلر ٹرکوں کی بکنگ اور چرم قربانی اکٹھی کرنے کے حوالے سے پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔ لاہور اور دیگر شہروں میں جدید سلاٹر ہاؤسز سمیت ملک بھر میں قربان گاہیں قائم کردی گئی ہیں جہاں کورونا کی حالیہ صورت حال کے باعث تمام تر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمدکو یقینی بناتے ہوئے شرعی طریقہ کار کے مطابق اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہزاروں جانوروں کی قربانی کی جائے گی۔محمد عبدالشکور نے قربانی فی سبیل اللہ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال کی طرح اِس عید الاضحی پربھی ملک کی سب سے بڑی قربانی فی سبیل اللہ کے ذریعے مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بیواؤں، یتامیٰ اور مساکین تک گوشت پہنچانے کا اہتمام کرے گی۔اس کے علاوہ روہنگیا اور شامی مہاجرین کے لئے بھی قربانی کا اہتمام ترکی اور بنگلہ دیشش کی مقامی رفاہی تنظیموں کے تعاون سے کیا جائے گا۔ اس عید الاضحی پر اپنے مصیبت زدہ اور ضرورت مند ہم وطنوں کو خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک رکھیں اوراپنی قربانی اور چرم قربانی الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیہ کیجئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -